ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 1200کروڑ روپئے کی لاگت سے ہر وارڈ میں ایس ڈبلیوایم پروجیکٹ کا منصوبہ،بنگلوروشہر کو صاف ستھرابنانے کیلئے حکومت سرمایہ لگانے تیار: پرمیشور

1200کروڑ روپئے کی لاگت سے ہر وارڈ میں ایس ڈبلیوایم پروجیکٹ کا منصوبہ،بنگلوروشہر کو صاف ستھرابنانے کیلئے حکومت سرمایہ لگانے تیار: پرمیشور

Mon, 08 Oct 2018 11:45:20    S.O. News Service

بنگلورو،8؍اکتوبر(ایس او نیوز)شہر میں کروڑوں روپئے خرچ کرکے ریاستی حکومت اندراکینٹین قائم کرسکتی ہے تو پھر شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اقدامات کیوں نہیں کرسکتی ۔یہ سوال آج یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران عوام نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور سے کیا۔انہو ں نے مطالبہ کیاکہ شہر کو صاف ستھرابنانے کے لئے حکومت فوری طورپراقدامات کرے اس کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بنایا جائے ۔اس پر نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل کو فوری حل کرے اور اس کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر کی صفائی کے لئے ہم بہت ہی سنجیدگی سے کام کررہے ہیں۔اس سلسلہ میں عوام کا تعاون بہت ہی ضروری ہے ۔

مسٹر پرمیشور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ 1200کروڑ روپئے خرچ کرکے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ (ایس ڈبلیوایم)پروجیکٹ کے لئے ریاستی حکومت تیار ہے۔عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہر شہر ی کی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے ۔حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کے مطابق تمام ترسہولیات فراہم کی جائیں ۔مگر یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی جانب سے تیار منصوبہ پر عمل آوری کے لئے تیار رہے ۔انہو ں نے کہاکہ بروہت بنگلور مہانگرپالیکے(بی بی ایم پی ) کے ساتھ عوام کا جڑنا بہت ہی ضروری ہے ۔اگر ایسا ہوتاہے تو ہر محلہ میں ایس ڈبلیوایم منصوبہ پر عمل آوری ہوگی۔اس کے تحت ہر وارڈ میں ایک مرکزبنایا جائے گا۔تاکہ وارڈ کے کچرے کو وہاں پر جمع کیا جائے اور اس کوایس ڈبلیوایم کے مطابق دوبارہ کارآمد بنایاجائے ۔اس سے نہ صرف شہر میں کچرے سے عوام کوچھٹکارا ملے گا بلکہ ٹھوس کچرے سے بی بی ایم پی کو آمدنی بھی ہوگی اور اس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔بنگلورو میں کچرا مافیاؤں کی ایک ٹیم کام کررہی ہے جس سے عوام کو بہت پریشانی ہورہی ہے اس کے ساتھ بی بی ایم پی کو بھی اس سے کافی نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ بی بی ایم پی کو اگر عوامی حمایت حاصل ہوتو بی بی ایم پی ایسے مافیاؤں کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے۔اس موقع پر بی بی ایم پی کمشنر این منجوناتھ پرسادنے کہا کہ کچرے کو ٹھکانہ لگانے کے لئے ہر وارڈ میں ایک مرکز قائم کیا جائے گا ۔تاکہ ایس ڈبلیو ایم کے تحت اس کو دوبارہ کارآمد بنایاجائے ۔اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے لئے بی بی ایم پی کا تعاون کرے۔انہوں نے بتایاکہ بی بی ایم پی عملہ ہر وارڈ میں اس کے لئے پہنچ کر جگہ کی نشاندہی کریں گے ۔ایسے موقع پر مقامی لوگ جگہ کی نشاندہی کرنے میں بی بی ایم پی افسروں کابروقت تعاون کریں تو اس کام کو آسانی سے انجام دیا جاسکتاہے۔انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ہم نے اس طرح کے کاموں کے لئے جب بھی کوئی قدم اٹھایاتو سب سے پہلے مقامی لوگوں نے ہی اس کی مخالفت کی ہے ۔

مسٹر منجوناتھ نے مزید کہا کہ کچرے کو ٹھکانہ لگانے کے لئے بی بی ایم پی کی جانب سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں مگر ایسا بھی دیکھنے کو ملتاہے کہ گھروں کے آگے کچرا پھیلانے والے خود شہری ہوتے ہیں۔حالانکہ اس کے لئے بی بی ایم پی نے لاکھوں کی تعداد میں خاکروبوں کو تعینات کیاہے ۔بی بی ایم پی نے عوام کو بارہا مطلع کیاہے کہ سڑکوں پر کچرا نہ پھیلائیں۔اس کے لئے بی بی ایم پی کی جانب سے شہر کے 100وارڈوں میں کچرے کو ٹھکانہ لگانے کے لئے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔جبکہ ہر دو وارڈوں کے لئے 50مراکزکو ذمہ داری دی گئی ہے۔


Share: